اہلِ بیت(ع) بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی ابنا کے مطابق، پورٹ سوڈان کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سوڈان کی ریپڈ سپورٹ فورسز کے کمانڈر محمد حمدان دقلو المعروف ’’حمیدتی‘‘، ان کے بھائی اور 12 دیگر ملزمان کو غیر حاضری میں سزائے موت سنائی ہے۔
جاری کردہ عدالتی فیصلے کے مطابق، عدالت نے سزائے موت کے علاوہ تمام سزا یافتہ افراد کے اثاثے ضبط کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ انہیں سوڈان کی میڈیکل سپلائی آرگنائزیشن کی عمارتوں اور تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے طور پر 39.6 ارب ڈالر ادا کرنے کا بھی پابند قرار دیا گیا ہے۔
عدالت نے سزا یافتہ افراد کی سوڈانی شہریت ختم کرنے اور ان کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔
اس مقدمے میں عائد الزامات کا تعلق 15 اپریل 2023 کو سوڈان میں خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد میڈیکل سپلائی آرگنائزیشن کی عمارتوں اور تنصیبات کی تباہی اور لوٹ مار سے ہے۔
یہ فیصلہ سنانے کے عمل میں سوڈان کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے داخلی قوانین اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں اور جرائم کی تحقیقات کے لیے قائم قومی کمیٹی کے ذریعے تحقیقات کرنے، شواہد جمع کرنے اور فردِ جرم پیش کرنے کی ذمہ داری انجام دی۔
آپ کا تبصرہ